میسورو،26؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سینئر لیڈر سدارامیا نے کہا کہ 2023کا اسمبلی الیکشن ان کا آخری ہوگا مگر وہ سیاست میں برقرار رہیں گے۔ ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن نے کہا کہ اگلے الیکشن میں وہ کس حلقہ سے مقابلہ کریں گے، اس کا فیصلہ انہوں نے ابھی نہیں کیا اور انتخابات کے لیے کانگریس کے چیف منسٹر چہرے پر پارٹی کے فیصلے کا احترام کریں گے۔
سدارامیا نے اپنے آبائی موضع سدارامنا ہنڈی میں صحافیوں سے کہا کہ میں سیاست میں برقرار رہوں گا۔ مگرانتخابی سیاست کا جہاں تک سوال ہے غالب امکان ہے کہ اگلا اسمبلی الیکشن میرا آخری الیکشن ہوگا۔“ حلقہ انتخاب سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ورونا، ہنسور، چامراج پیٹ، بادامی، کوہلار، ہیبل،کوپل کے پارٹی کارکنان اور بہی خواہ مجھ سے ان کے حلقوں سے مقابلہ کرنے کی خواہش کررہے ہیں۔ میں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ حالانکہ سدارامیا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ میسور کے چامنڈیشوری حلقہ سے دوبارہ مقابلہ نہیں کریں گے جہاں انہیں 2018کے اسمبلی انتخابات میں شکست ہوئی تھی۔
یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ مئی 2018ء اور 2013 کے اسمبلی انتخابات کے دوران بھی سدارامیا نے کہا تھا کہ یہ غالباً ان کا آخری الیکشن ہوگا۔اس سوال پر کہ کیا وہ2023ء کے الیکشن سے قبل پارٹی کے چیف منسٹر چہرے کے طور پر ان کے نام کا اعلان کرنے کو کہیں گے جیسا کہ پنجاب میں کیا گیا تو سدارامیا نے کہا کہ میں اس طرح کا کوئی مطالبہ نہیں کروں گا۔ میں کانگریس ہائی کمانڈ کے فیصلے کا احترام کروں گا۔“